(ایجنسیز)
پاکستان کے اسلام آباد کی سبزی منڈی میں زور دار دھماکا ہوا جس میں 24 افراد جاں بحق اور 98 زخمی ہو گئے ، اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
دھماکا تھانے سے ملحقہ ٹماٹر منڈی میں ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔دھماکے کے فوری بعد ہر طرف دھواں ہی دھواں ہو گیا اور افرا تفری پھیل گئی۔دھماکے کی جگہ کے قریب حساس ادارے کا دفتر اور کچھ ہی
فاصلے پر پولیس لائنز بھی واقع ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے حادثے کی جگہ پر پہنچ کر زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا۔ترجمان پمز ہسپتال ڈاکٹر عائشہ کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس کے مطابق دھماکے میں 5 سے 7 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جو پھلوں کی پیٹیوں میں چھپایا گیا تھا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔